عالمی کپ کے تمام میچوں میں عمدہ پرفارمنس دینے کی خواہش ہے ، وہاب ریاض

صرف اسی صورت میں میگا ایونٹ میں جیتنے کا میرا خواب پورا ہوسکتا ہے ، قومی پیسر

ہفتہ 8 جون 2019 20:15

عالمی کپ کے تمام میچوں میں عمدہ پرفارمنس دینے کی خواہش ہے ، وہاب ریاض
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2019ء) ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا حصہ بننے کے بعد وہاب ریاض نے ایک اور خواب دیکھ لیا۔قومی پیسر کہتے ہیں کہ میرا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ہے،یہ تب ہی پورا ہوگا جب ہم عالمی کپ کے تمام لیگ میچوں میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز ترین بولر نے کہاکہ عالمی کپ جیتنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، میرا بھی یہ خواب ہے کہ میں بھی ورلڈ چیمپئن ٹیم کا حصہ بنوں، پر امید ہوں کہ کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے چڑھتے ہم ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوں گے اور میرا اور لوگوں کا خواب ضرور پورا ہوگا۔

ایک سوال پر وہاب ریاض نے کہا کہ مثبت پہلو یہ ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک دوسرے کو بھر پور سپورٹ کر رہے ہیں، ٹیم میں موجود ہر کھلاڑی کی یہی کوشش ہے کہ کسی طرح یہ ورلڈ کپ جیتا جائے۔

(جاری ہے)

فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ بمرا ایک روزہ کرکٹ میں بہت اچھی بولنگ کرتا آ رہا ہے،اگر اس کو ریٹ کیا جائے تو اچھی بات ہے تاہم بمرا پر خود اس کا اچھا خاصاپریشر ہوگا کہ وہ اس وقت ٹاپ بولر ہے، میری رائے مین ورلڈ کپ میں شریک تمام بولرز ہی اس وقت اچھے ہیں، جو میچز کے دوران جو اپنی صلاحیتوں کا بہتر اندا ز میں استعمال کرے گا، وہی ورلڈ کپ کابھی بہترین بولر بننے کا اعزاز حاصل کرے گا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ وقار یونس کے ساتھ بھی کافی دیر رہا ہوں ، ان سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، وسیم اکرم تو میرے ویسے ہی آئیڈیل ہیں۔