صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کا دورہ

پیر 10 جون 2019 17:26

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال ..
چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2019ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پیر کے روز ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ایمرجنسی وارڈ ،چلڈرن وار ڈ اور گائنی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اورطبی عملے کو مریضوں کی بھر پور دیکھ بھال کی ہدایت کی،ساہیوال میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد طارق ،ایم ایس ڈاکٹر شاہد نذیر اور ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چلڈرن واڈر میں ہونے والی بچوں کی حالیہ اموات کسی نا اہلی کا نتیجہ نہیں ،فوت ہونے والے بچے دوسرے ہسپتالوں سے انتہائی سیریس کنڈیشن میں ڈی ایچ کیو منتقل کئے گئے تھے جن کے بچنے کے امکامات بہت کم تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چلڈرن وارڈ کو مزید بہتر کرنے کے لئے اس کا الحاق چلڈرن ہسپتال لاہور سے کیا جا رہا ہے تا کہ مریض بچوں کو بہتر طبی سہولیات مل سکیں۔

اس الحاق سے چلڈرن ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹر ساہیوال کا وزٹ کریں گے اور چلڈرن وارڈ کو جدید خطوط پر چلانے میں بڑی مدد ملے گی۔انہوں نے ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ چلڈرن واڈر میں نرسوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے ۔ہسپتال میں سٹاف کی شدید کمی کے پیش نظر انہوں نے سٹاف کی فوری بھرتی کی اجازت دی اور ہسپتال پر مریضوں کے بوجھ کے مطابق مزید عملے کی آسامیوں کے لئے سمری بجھوانے کی ہدایت کی۔