اے ٹی ایم توڑنے کی منصوبہ بندی پر سافٹ ویئر انجینئر سمیت تین ملزم گرفتار

ہفتہ 15 جون 2019 13:40

اے ٹی ایم توڑنے کی منصوبہ بندی پر سافٹ ویئر انجینئر سمیت تین ملزم گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2019ء) سائٹ اے پولیس نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کی منصوبہ بندی کرنے والے تین ملزمان کو گرفتارکرلیا جن میں سافٹ ویئر انجینئر بھی شامل ہے۔سائٹ اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر حبیب بینک چورنگی کے قریب گاڑی میں مشکوک حالت میں موجود 3 ملزمان محمد زوہیب حسن ولد محمد اقبال، شان عرف کاکا ولد امام الدین اور وقارعالم عرف ویکی ولد محمد عالم کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی کامران اور سکندر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان سے اسلحہ، گیس کٹر، پولیس کیپ، پانا، چھینی، پیچ کس، کیبل، بیٹری اور دھماکہ خیز ڈیوائس بھی برآمد کر لی گئی۔ ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان کیمطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اے ٹی ایم مشین توڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ ان کا منصوبہ سلنڈر اور ڈیوائس سے دھماکا کرکے اے ٹی ایم مشین توڑ کر کیش لوٹنا تھا۔

گرفتار ملزم وقار عالم سافٹ ویئر انجینئر ہے۔پولیس کے مطابق یورپ میں اس قسم کی وارداتیں ہو چکی ہیں جس میں سلنڈر اور ڈیوائس سے بلاسٹ کیا جاتا ہے، سلنڈر میں مخصوص گیس ہوتی ہے جس سے آگ نہیں لگتی لیکن اے ٹی ایم توڑ کر کے نکال دیا جاتا ہے۔ گرفتار ملزمان اور ان کے مفرور ساتھیوں کیخلاف 4 مقدمات درج کے لیے گئے ہیں۔