سعودی عرب کے شہر پر بلیسٹک میزائل حملہ

سعودی شہر اباہا کو نشانہ بنایاگیاتھا،فورسز نے میزائل مار گرایا

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 16 جون 2019 03:33

سعودی عرب کے شہر پر بلیسٹک میزائل حملہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2019ء)   سعودی فورسز نے جنوب مغربی شہر اباہا پر داغے گئے بلیسٹک میزائل کو مار گرایا ہے۔العربیہ کی خبر کے مطابق ہفتہ کی رات ایران کی مدد یافتہ حوثی باغیوں نے اباہا پر بلیسٹک میزائل سے حملہ کیا۔مگر سعودی فورسز نے کامیابی سے میزائل کو فضا میں مار گرایا۔سعودی فورسز کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس بلیسٹک میزائل حملے میں حوثی باغی اباہا کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا چاہ رہے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو بھی ایرانی سرحد سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں پانچ ڈرون حملے کیے تھے جنہیں سعودی فورسز نے کامیابی سے سے مار گرایا تھا۔جبکہ گزشتہ ہفتے بدھ کے روز حوثی باغیوں کی طرف سے کیے جانے والے ایک ڈرون حملے میں26افراد زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

حوثی باغیوں کی طرف سے اباہا،خمس اور مشیت شہر کو اکثر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

یہ ڈرون حملہ حوثی باغیوں نے پہلی بار نہیں کیا بلکہ گزشتہ ہفتے میں ہی درجن بھر کے قریب ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔یاد رہے اس  سے قبل بھی سمندری حدود میں مال بردار بحری بیڑوں اور تیل کے ٹینکرز کو بھی  نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔ حوثی باغیوں کی طرف سے کیے جانے والے ڈرون حملوں کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر اس قسم کی دھمکیوں سے زبردستی مسلط کی جانے والی جنگ سے نمٹنا جانتے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران بات کرتے ہوئے سعودی شہزادے نے کہا کہ ہماری ریاست جنگ قطعی نہیں چاہتی مگر اس قسم کے بزدلانہ حملوں کا جواب دینا اچھی طرح جانتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے کا امن ہماری اولین ترجیح ہے مگر سعودی عرب کے شہریوں کے جان مال کی حفاظت بھی ریاست کی ذمہ داری ہے جس کے لیے کسی قسم کے اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔