صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گرائونڈ فورس کے کمانڈر جنرل ہان ویگیو کو ’’نشان امتیاز‘‘( عسکری) عطاء کردیا

منگل 18 جون 2019 14:33

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گرائونڈ فورس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک چین تعلقات کو تمام شعبہ جات میں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گرائونڈ فورس کے کمانڈر جنرل ہان ویگیو کو ’’نشان امتیاز‘‘( عسکری) عطاء کیا ہے۔ اس سلسلے میں منگل کو ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

بعد ازاں جنرل ہان ویگیو نے صدرمملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل ہان ویگیو کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو تمام شعبہ جات میں نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین سدا بہار اور آزمودہ دوست ہیں اورپاکستان چین کو’’آئرن برادر‘‘ تصور کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی خارجہ پالیسی میں پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اقتصادی روابط خطے میں امن واستحکام کے قیام کیلئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے آج کی دنیا میں ڈیجیٹل اکانومی اور سائبر سکیورٹی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے سائبر سپیس میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زوردیا۔

صدر نے کہا کہ دفاع اور سٹرٹیجک تعاون تذویراتی معاون شراکتداری کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور دونوں ممالک کے دفاعی حکام نے قریبی رابطہ برقرار رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عسکری وفود کے اعلیٰ سطح کے متواتر تبادلے اس ضمن میں ہمارے تعاون کا کلیدی پہلو ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون میں مزید اضافہ پر زوردیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اورچین وسیع البنیاد ، طویل المدتی، سدابہار سٹرٹیجک تعاون و شراکت داری میں یکجا ہیں، پاک چین معاہدہ برائے دوستی و تعاون اور اچھے ہمسائیگی تعلقات نے اس تعلق کو مزید گہرا کیا ہے، دونوں اطراف کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی، سیاسی ، تذویراتی اور ثقافتی شعبہ جات سمیت مختلف شعبوں میں کثیرالجہتی دو طرفہ تعاون موجود ہے اور عالمی امور پر یکساں خیالات پائے جاتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کشمیر سمیت اپنی قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے امور پر چین کی حمایت کو بہت قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان’’ایک چین پالیسی‘‘ پر سختی سے کاربند ہے۔ صدر نے سی پیک کے تحت تمام جاری منصوبہ جات کی پیشرفت پر اطمینان ظاہرکیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جس میں سماجی و اقتصادی تعاون، زرعی ترقی ، تخفیف غربت اور صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے اس امرکو اجاگرکیا کہ پاکستان کی حکومت نے چینی شہریوں کی تحفظ کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی شمولیت اور سول و عسکری سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کرکثیرالجہتی سکیورٹی انتظامات کررکھے ہیں۔ جنرل ہان ویگیو نے نشان امتیاز(عسکری) عطا کرنے پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔