Live Updates

خواجہ برادران کی ضمانت کی درخواستیں مسترد

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے ضمانت پر رہائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 18 جون 2019 14:52

خواجہ برادران کی  ضمانت کی درخواستیں مسترد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جون 2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے خواجہ برادران کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے ضمانت پر رہائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ برادران کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔

یاد رہے احتساب عدالت نے پیراگون سوسائٹی اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد نیب نے خواجہ برادران کو حراست میں لے لیا تھا۔پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں اس سے قبل خواجہ سعد رفیق کے دست راست قیصر امین بٹ کو گرفتار کیا گیا تھا اور ذرائع کے مطابق قیصر امین بٹ کے انکشافات کی وجہ سے ہی خواجہ برادران کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر رہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔جب کہ دوسری جانب احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت 27جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے جو صرف اپوزیشن کیخلاف ہو رہا ہے۔

عمران خان انتقام سے بھرے ہوئے شخص کا نام ہے،جس کا مقصد صرف مخالفین کے سرقلم کرنا ہے،ان کے بنائے گئے کسی کمیشن کی کوئی وقعت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک عمران خان کے ہاتھوں لرز رہا ہے،تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا بجٹ آئی ایم ایف کا اوردر حقیقت عوام دشمن بجٹ ہے،جس نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں،اب اس حکومت کی بھی چیخیں نکلنے والی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجود بجٹ کا عوام کے خوابوں سے کوئی لینا دینا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ٹی وی پر تقریر سے لگ رہا تھا کہ اس سے حکومت نہیں چل رہی،احتساب کے نام پر عمران نیازی نے عوام کی توجہ حکومت سے ہٹا رکھی ہے۔انہوںنے کہا کہ عمران نیازی حکومت کرنے کا شوق پورا کرلیں،ہم حکومت کو گرا نہیں رہے یہ خود ہی گر جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات