پاکستانی ٹیم پر پابندی کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر

پاکستان کے دیگر میچز منسوخ کرکے اسے فوری واپس بلانے کا حکم دیا جائے:درخواست گزار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 جون 2019 15:48

پاکستانی ٹیم پر پابندی کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر
گوجرانوالہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ تر ین۔ 18جون2019ء) ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کی پابندی سے متعلق عدالت میں پٹیشن دائر کردی گئی۔گوجرانوالہ میں ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر نے سینئر سول جج رائے افضال کھرل کی عدالت میں دائر کی، پٹیشن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور تمام کھلاڑیوں کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے باعث قوم کی دل آزاری ہوئی اور ملک کا وقار بھی مجرو ہوا۔اس میں مزید کہا گیا کہ جہاں عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہوں تو وہاں کرکٹ پر کروڑوں روپے خرچ نہیں کیے جاسکتے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی گئی ورلڈکپ میں پاکستان کے دیگر میچز منسوخ کرکے اسے فوری واپس بلانے کا حکم دیا جائے جبکہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرکے قومی کرکٹ ٹیم پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

(جاری ہے)

سینئر سول جج رائے افضال کھرل نے پٹیشن سماعت کے لیے سول جج ابرارعلی کو تفویض کردی جنہوں نے پی سی بی حکام کو 20 جون کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔خیال رہے کہ 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم کے لیے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا بھی مشکل ہوگیا، پاکستانی ٹیم کو نہ صرف شکست کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ٹیم کی ناقص فیلڈنگ اور کپتان سرفراز احمد کی جمائیوں نے بھی شائقین کرکٹ کے غصے کو مزید ہوا دی۔