مصر کا اقوام متحدہ پر ملک کے پہلے منتخب جمہوری صدر محمد مٴْرسی کی وفات کو 'سیاسی رنگ' دینے کا الزام

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر روپًرٹ کولویلے کی جانب سے محمد مرسی کی وفات کی آزاد تحقیقات کے مطالبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،ترجمان احمد حفیظ

بدھ 19 جون 2019 23:46

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) مصر نے اقوام متحدہ پر ملک کے پہلے منتخب جمہوری صدر محمد مٴْرسی کی وفات کو 'سیاسی رنگ' دینے کا الزام عائد کر دیا۔اقوام متحدہ نے محمد مرسی کے کمرہ عدالت میں انتقال کی آزاد انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔مصر کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد حفیظ نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر روپًرٹ کولویلے کی جانب سے محمد مرسی کی وفات کی آزاد تحقیقات کے مطالبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ طبعی موت کو جان بوجھ کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش ہے۔'روپًرٹ کولویلے نے گزشتہ روز مطالبہ کیا تھا کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ محمد مرسی کو تقریباً چھ سال سے گرفتاری کے دوران کن حالات میں قید رکھا گیا اور ان حالات نے ان کی موت میں کیا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ 'کسی کی بھی گرفتاری کے دوران موت فوری طور پر غیر جانبدار اور آزاد تحقیقات کا تقاضا کرتی ہے تاکہ موت کے اصل محرکات سامنے لائے جاسکیں۔

'انہوں نے کہا کہ 'محمد مرسی کو جن حالات میں قید رکھا گیا اس پر کئی بار تشویش ظاہر کی گئی تھی۔'اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے کہا کہ تحقیقات میں مصر کی انتظامیہ کے محمد مرسی سے روا رکھنے جانے سلوک کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے تاکہ اس بات کی وضاحت ہو سکے کہ جن حالات میں انہیں قید رکھا گیا ان کا سابق صدر کی موت سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مشرق وسطیٰ کی ڈپٹی ڈائریکٹر میگڈالینا مٴْغربی کا بھی کہنا تھا کہ محمد مٴْرسی کی موت نے دوران حراست ان سے سلوک پر سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔'انہوں نے بھی مصری انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ محمد مرسی کی موت کے محرکات معلوم کرنے کے لیے آزاد اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دے۔قبل ازیں ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقینی نہیں کر سکتے کہ مصر کے سابق صدر کی موت طبعی طور پر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ٹرائل کے دوران محمد مرسی کی موت کیا طبعی تھی یا اس میں کچھ اور عوامل کا ہاتھ اس سے متعلق سوچنے کی ضرورت ہے۔'محمد مرسی کو اہلخانہ اور اخوان المسلمین کے سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں سخت سیکیورٹی میں گزشتہ روز سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔محمد مرسی کے بیٹے احمد مرسی نے 'فیس بک' پر بتایا کہ 'ہم نے ان کو طورہ جیل کے ہسپتال میں غسل دیا اور جیل میں ہی نماز جنازہ ادا کی۔انہوں نے بتایا کہ قاہرہ کے ضلع 'نصر سٹی' میں تدفین کے امور نمٹائے، تاہم متعلقہ حکام نے محمد مرسی کے آبائی صوبے شرقیہ میں تدفین کی اجازت نہیں دی تھی۔پاکستان اور ترکی میں محمد مرسی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی تھی۔