ملک میں سیاسی استحکام کے لئے معاشی استحکام لازم ہے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق

جمعرات 20 جون 2019 11:32

ملک میں سیاسی استحکام کے لئے معاشی استحکام لازم ہے، امیر جماعت اسلامی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لئے معاشی استحکام لازم ہے، بجٹ کے حوالے سے حکومت اپوزیش کی آراء کو اہمیت دے، ملک میں شوگر ملز مافیا طاقتور ہے اسی لئے چینی کی قیمت میں فوری اضافہ کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو قومی بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات پر ہم سب فکر مند ہیں اور اسکو مشکلات سے نکالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بجٹ پاس کروانا چاہتی ہو تو اس پر نظر ثانی کرے اور اپوزیش کی طرف سے دی جانے والی آراء کو اہمیت دے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا، ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانیکی بجائے متبادل ذرائع استعمال کرنے چاہیئیں تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں سودی نظام اور کرپشن کا خاتمہ نہیںہوگا معاشی صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی، ہم بیرونی قرضوں کی دلدل میں پھنس چکے ہیں، اگر نئی نسل کو روشن پاکستان دینا چاہتے ہیں تو بیرونی دبائو قبول کئے بغیر ہنگامی بنیادوں پر فیصلے کرنے ہوں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں شوگر ملز مافیا انتہائی طاقور بن چکا ہے اور انہوں نے اپنی من مانی کرتے ہوئے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کروا لیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت سے عوام کو بڑی تواقعات وابستہ ہیں اور حالیہ بجٹ سے عوام کوئی خاص مطمئن نہیں نظر نہیں آ رہے لہذا حکومت کو بجٹ پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، صنعت، خواتین، نوجوان اور دیگر شعبوں پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے سابقہ اور موجودہ حکومت کی ترجیحات میں واضح فرق نظر آنا چاہیے۔اس موقع دیگر ماہر معاشیات نے بھی خطاب کیا۔