وزیرآباد میں ایک ارب 5کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز

ترقیاتی منصوبوںمیں رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور 25دیہات کو گیس کی فراہمی شامل ہے

جمعہ 21 جون 2019 22:30

ُوزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2019ء) تحصیل وزیرآباد میں ایک ارب 5کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز۔ترقیاتی منصوبوںمیں رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور 25دیہات کو گیس کی فراہمی شامل ہے۔تحصیل کی تین میونسپل کمیٹیوں کو بھی ترقیاتی کاموں کے لئے چودہ چودہ کروڑ روپے کے فنڈ جاری۔رابطہ سڑکوں کی چوڑائی 12سے 20فٹ تک ہے۔ محمد احمد چٹھہ نے غیر رسمی گفتگو کے دوران اخبار نویسوں کو بتایا کہ مجموعی طور پر ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کاموںکا آغاز کیا گیا ہے جس میں موضع دلاور چیمہ سے احمدنگر تک 5کلومیٹر طویل اور 12فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر پر 5کروڑ روپے ، موضع موہلن کے تا لدھیوالا چیمہ 7کلومیٹر طویل اور 12فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر پر 7کروڑ روپے ، وائیانوالی سے موضع حسن والی تک 8کلو میٹر طویل اور 12فٹ چوڑی سڑک کی تعمیر پر 9کروڑ روپے خرچ ہونگے جبکہ کلاسکے تا ہیڈ خانکی 20فٹ چوڑی سڑک پر 29کروڑ 30لاکھ روپے خرچ ہونگے۔

(جاری ہے)

تمام سڑکوں کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایاکہ 15کروڑ روپے کی لاگت سے حلقہ 79کے 25مختلف دیہات کو گیس کی فراہمی کے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کی تین میونسپل کمیٹیوں وزیرآباد، گکھڑ منڈی اور علی پور چٹھہ کو ترقیاتی کاموں کے لئے چودہ چودہ کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ تحصیل بھر میں ترقیاتی کاموں کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع ہو گا جس کے بعد تحصیل وزیرآباد ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ماڈل تحصیل کی حیثیت اختیار کر جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کام میرٹ پر ہونگے اور کوئی امتیازی پالیسی اختیار نہیں کی جائے گی کیونکہ ترقیاتی کاموں پر سب کا مشترکہ حق ہے۔