پی سی بی نے جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشز شفیق پاپا کو عہدے سے فارغ کردیا،

ریجنل کوچ اکبر یوسف زئی کے کنٹریکٹ میں بھی توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

منگل 25 جون 2019 20:05

پی سی بی نے جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشز شفیق پاپا کو عہدے سے فارغ ..
لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشز شفیق پاپا کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا ۔70سالہ شفیق پاپا 2007 ء میں پی سی بی سے منسلک ہوئے تھے اور وہ پاکستان کی طرف سے چھ ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز بھی کھیل چکے ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے شفیق پاپا کی پی سی بی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شفیق پاپا نے بطور کرکٹرز اور بطور ایڈمنسٹریٹر اپنی ذمہ داریاں احسن اور مخلصانہ طریقے سے نبھائیں ۔

(جاری ہے)

کرکٹ کی بہتری کے لئے ان کی سخت محنت اور کوششوں پر ان کے مشکور ہیں ۔شفیق پاپا نے کہا کہ ان کی پی سی بی کے ساتھ آخری اننگ تھی ، میں نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں بہت اچھا وقت گزارا ۔میرے وقت کا بہترین حصہ کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا تھا،میں اپنے سابقہ اور موجودہ کولیگ کی طرف سے سپورٹ کرنے پر ان کا مشکور ہوں ، امید کرتا ہوں کہ پی سی بی اور پاکستان کرکٹ مزید مضبوط ہوں گے ۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی ری سٹرکچنگ کے لئے پی سی بی نے ریجنل کوچ اکبر یوسف زئی کے کنٹریکٹ میں بھی توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پچھلے ہفتے پی سی بی نے ریجنل کوچ صبیح اظہر اور تیمور خان کو بھی ان کے عہدوں سے فارغ کردیا تھا ۔