پاکستان اور آئرلینڈ کا دوسرا ٹی ٹونٹی بارش کے باعث تاخیر کا شکار

آئرلینڈ کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 12 مئی 2024 19:43

پاکستان اور آئرلینڈ کا دوسرا ٹی ٹونٹی بارش کے باعث تاخیر کا شکار
ڈبلن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مئی 2024ء ) پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔ دونوں ٹیمیں ڈبلن اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا تھا تاہم خراب موسم کی وجہ میچ تاخیر کا شکار ہے۔ دوسرے ٹی ٹونٹی کا ٹاس بھی مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے ہوا جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم ٹاس کے بعد ایک بار پھر بارش کے باعث میچ شروع نہیں کیا جاسکا۔

دوسری جانب آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست خوردہ کپتان بابر اعظم کے پاس ایک اور بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کرنے کا موقع ہے ۔ آئرلینڈ کیخلاف دوسرے یا تیسرے ٹی20 میں فتح حاصل کرنے کی صورت میں بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ فتوحات سمیٹنے والے کپتان بن جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت یہ ریکارڈ یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا کے نام ہے، جنہوں نے 56 میچز میں 44 کامیابیاں بطور کپتان حاصل کی ہیں۔

اس فہرست میں بابر اعظم کا دوسرا نمبر ہے جو بطور کپتان 76 میچز میں 44 فتوحات کیساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان 52 میچز میں 42 جبکہ انگلینڈ کے سابق کپتان آئن مورگن 72 میچز میں 42 فتوحات کیساتھ بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔ واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ میچز میں قیادت کرنے کا کارنامہ بھی سرانجام دے چکے ہیں، جو اس سے قبل سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کے نام تھا، جنہوں نے 76 میچز میں کینگروز کی قیادت کی۔

بطور کپتان سب سے زیادہ ٹی20 میچز میں بابر اعظم نے پاکستانی ٹیم کی 77 میچز میں قیادت کرتے ہوئے اعزاز اپنے نام کر لیا ہے جبکہ ان سے قبل یہ اعزاز ایرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے 76 میچز میں ٹیم کی کمان سنبھالی ۔ تیسرے نمبر پر سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی ہیں جنہوں نے 72 میچز میں کپتانی کے فرائض انجام دیئے ۔ چوتھے نمبر پر ایون مورگن 72 اور کین ولیمسن 71 میچز میں کپتانی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔