نواز شریف ناانصافی کے فیصلے کا شکار ہوکر جیل میں بند ہیں، نہال ہاشمی

احتساب عدالت کے جج ارشد علی کی مبینہ ویڈیو پر بھی سوموٹو ہونا چاہیے، خطاب

پیر 8 جولائی 2019 23:58

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2019ء) سابق سینیٹر اور (ن )لیگی رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ اٴْن کے قائد میاں نواز شریف ناانصافی کے فیصلے کا شکار ہوکر جیل میں بند ہیں،احتساب عدالت کے جج ارشد علی کی مبینہ ویڈیو پر بھی سوموٹو ہونا چاہیے۔نہال ہاشمی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو والے معاملے کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیں تاکہ پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے لیڈر نواز شریف ناانصافی کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

ن لیگ جاپان کے نائب صدر سید ابرار شاہ کی جانب سے ملک ارشد کے ڈیرے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی نہال ہاشمی تھے۔ تقریب کے دیگر شرکاء میں ن لیگ جاپان کے نائب صدر ابرار شاہ، ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان، ن لیگ ٹوکیو کے صدر شیخ ذوالفقار، ن لیگ جاپان کے نائب صدر ملک ارشد، ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

نہال ہاشمی نے کہا کہ ناانصافی اور معاشی بحران پاکستان کو کمزور کررہے ہیں ریاستی اداروں کو فوری طور پر ملک کو بحران کی جانب دھکیلنے والے معاملات کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اداروں نے نہیں سیاستدانوں نے بنایا تھا وہی اسے بچائیں گے اور ترقی کی جانب لیکر جائیں گے ، انہیں کام کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔اٴْنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو جس قدر سیاسی ، جمہوری اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے تاریخ میں کبھی نہیں رہی، حالات کو سمجھنے اور انہیں سنبھالنے کی اشد ضروت ہے۔