ذ*دشمنوں کی گولیاں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے سینے نہیں ، ثمرہارون بلور

بدھ 10 جولائی 2019 22:35

{پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ ہارون بلور کی شہادت کسی سانحہ سے کم نہیں تھی ،تاہم پشاور کے لوگوں اور اے این پی قائدین و کارکنوں کی محبت نے مجھے نیا حوصلہ دیا ، اپنے شوہر ہارون بشیر بلور شہید کی پہلی برسی پر نشتر ہال پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں نام نہاد تبدیلی کا ڈھونگ رچایا گیا اور ہارون بلور کو اس تبدیلی کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، جبکہ اصل تبدیلی اے این پی لے کر آئی اور ایک خاتون رکن اے این پی کے ٹکٹ پر اسمبلی پہنچی، انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، آج بھی عوام ہمارے ساتھ ہیں اور موجودہ صورتحال میں اے این پی کو اپنے لئے نجات دہندہ تصور کرتے ہیں، ثمر بلور نے کہاکہ دشمنوں نے ہمیں کمزور کرنے کیلئے ہارون بلور کی جان لے لی لیکن میں ان کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ آپ کی گولیاں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے سینے ختم نہیں ہونگے۔

(جاری ہے)

ہارون بلور شہید کے بیٹے دانیال بلور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہارون بلور کی شہادت انتہائی تکلیف دہ تھی تاہم عوام اور اے این پی کے قائدین و کارکنوں کی محبت نے ہمیں حوصلہ دیا،انہوں نے کہا کہ شہید ہارون بلور کے ساتھ 23گھرانے اجاڑ دیئے گئے ،ہمیں بتایا جائے کہ ہمارا قصور کیا ہی کیا صرف اے این پی کے ساتھ تعلق ہمارا قصور ہی انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں کبھی شکست نہیں دے سکتے جب تک بلور خاندان کا ایک فرد بھی زندہ ہے پشاور اے این پی کا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے ساتھ عہدے پر کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے ،صرف قائدین کی سرپرستی میں بہت کچھ سیکھنا چاہتا ہوں،انہوں نے کہا کہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر بے روزگاری و مہنگائی کے تحفے دیئے ، ایک کروڑ نوکریوں کے نام پر لوگوں کو قرغلایا گیا، دانیال بلور نے کہا کہ حکمران غریبوں کو ان کا حق دیں گے ورنہ حقوق چھین لیں گے ۔