پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش کی مدت میں مزید اضافہ کردیا

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا، بھارت کیلیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 جولائی 2019 19:41

پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش کی مدت میں مزید اضافہ ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2019ء) پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش کی مدت میں مزید اضافہ کردیا، سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا، بھارت کیلیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت ادارے سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

سول ایو ی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی پر 12 جولائی تک پابندی عائد تھی۔ تاہم اب پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی کی مدت میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں 26 جولائی تک کا اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے باعث بھارتی طیارے اوور فلائی کی بندش کےبعد پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔ پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی نئے حکم نامے تک بند رہے گی۔ فیصلے ک تحت ایسٹرن ایئر سائیڈ بند اور ویسٹرن فضائی حدود میں آپریشن جاری ہے۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی ایسٹرن فضائی حدود 27 فروری سے بند ہے۔

فروری کے ماہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی اور زمینی محاذ پر جھڑپیں ہوئی تھیں اور صورتحال جنگ کے دہانے تک جا پہنچی تھی۔ اسی باعث پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی، جو اب تک بند ہے۔ پاکستان کے اس فیصلے کے باعث بھارت کی سرکاری اور نجی ائیرلائنز کو زبردست نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث بھارتی ائیرلائنز کو اب تک کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ خاص کر ائیر انڈیا اس بندش کے باعث سب سے زیادہ نقصان کا شکار ہوئی ہے۔