قومی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سپیکر نے بیرون ملک سرکاری مصروفیات پر سرکاری خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

جمعہ 12 جولائی 2019 13:08

قومی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سپیکر نے بیرون ملک سرکاری مصروفیات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سپیکر نے بیرون ملک سرکاری مصروفیات پر سرکاری خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا۔ جمعہ کو سپیکر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے اپنے حالیہ بیرونی دورے پر سرکاری خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے یکم جولائی سے 5 جولائی تک ماسکو میں انٹرنیشنل کانفرنس برائے پارلیمنٹیرین ڈویلپمنٹ میں شرکت کی جس کے تمام اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے ادا کئے۔ اب وہ برطانیہ میں اپنے خاندان سے ملنے کے لئے آئے ہیں، اس کے اخراجات بھی انہوں نے اپنی جیب سے برداشت کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سپیکر نے سرکاری مصروفیات پر غیرملکی دورے کے تمام اخراجات خود برداشت کئے ہیں۔انہوں نے ملک کی معیشت کے حوالے سے اطمینان کا ٓظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری خزانے پر کم سے کم بوجھ پڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کو حاصل مراعات سے بھی رضاکارانہ طورپر دستبردار ہیں۔