انگلش تماشائیوں کی اسٹیو اسمتھ پرجملے بازی

تماشائیوں کا اسمتھ پر دباو ،شور شرابہ کرتے رہے

جمعہ 12 جولائی 2019 20:36

انگلش تماشائیوں کی اسٹیو اسمتھ پرجملے بازی
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) مشہور بال ٹمپرنگ تنازع کے مرکزی کردار اور اس وقت کے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے برمنگھم سیمی فائنل میں سخت دباو میں بیٹنگ کی۔ڈیڑ ھ سال پہلے ہونے والے تنازع کی وجہ سے انگلش تماشائیوں نے اسٹیو اسمتھ پر جملے بازی اور ہوٹنگ کرکے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔جنوبی افریقا میں پیش آنے والے واقعے کے بعد اسمتھ نے کپتان کی حیثیت سے حرکت کرنے کا اعتراف کیا تھا اور معافی بھی مانگی تھی۔

انگلش تماشائیوں نے ایجبسٹن میں اسٹیو اسمتھ کو مسلسل دباو میں رکھا اور شور شرابہ کرتے رہے۔آسٹریلوی کرکٹرز اپنی بدتمیزیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ ان میں اسٹیو اسمتھ بھی شامل ہیں جن کو مغرور اور سر پھرا کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

برمنگھم میں انگلش تماشائیوں نے اسٹیو اسمتھ کا استقبال خوشگوار انداز میں نہیں کیا۔ ایجبسٹن میں ورلڈ کپ سیمی فائنل میں تماشائی مسلسل ان پر آوازیں کستے رہے۔

تاہم اسٹیو اسمتھ سر جھکائے بیٹنگ کرتے رہے۔انگلینڈ کے وکٹ کیپر جوز بٹلر نے 48ویں اوور کی پہلی گیند پر اسٹیو اسمتھ کو شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے براہ راست تھرو کر کے رن آوٹ کیا، اسمتھ نے 85 رنز بنائے تھے۔ لیکن اننگز کے دوران ان کی بیٹنگ میں فلو دکھائی نہیں دیا۔جنوبی افریقا بدنام زمانہ بال ٹمپرنگ تنازع میں پابندی ختم ہونے کے بعد اسمتھ اور وارنر کی ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

جمعرات کو جیسے ہی اسکرین پر اسٹیو اسمتھ اور وارنر کے نام آئے تماشائیوں نے ان پر ہوٹنگ کی۔ اسٹیو اسمتھ چوںکہ زیادہ دیر کریز پر رہے اس لئے تماشائیوں نے ان کیلئے نرم گوشہ نہیں رکھا اور مسلسل نعرے لگاتے رہے۔ جب وہ رن آوٹ ہوکر ڈریسنگ روم جارہے تھے اٴْس وقت بھی ان پر نعرے بازی کی گئی۔ورلڈ کپ کے بعد روایتی حریفوں کے درمیان تاریخی ایشیز سیریز ہوگی، امکان ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو پورے انگلش سیزن میں تماشائیوں کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :