دُبئی:غیر مُلکی چوروں نے پاکستانی خاتون کے گھر کا صفایا کر دیا

خاتون اپنے رشتہ داروں سے مِلنے پاکستان گئی تھی جب چور اُس کے گھر سے لاکھوں درہم اور قیمتی سامان لے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 جولائی 2019 13:56

دُبئی:غیر مُلکی چوروں نے پاکستانی خاتون کے گھر کا صفایا کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جولائی 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک کینیڈین نژاد پاکستانی خاتون کے گھر ہونے والی واردات میں چور پانچ لاکھ درہم، دس ہزار امریکی ڈالر، قیمتی سکے اور دو رولیکس گھڑیاں لے کر فرار ہو گئے جن کی مالیت ڈیڑھ لاکھ درہم کے قریب بنتی ہے۔ پولیس نے بڑی تگ و دو کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان چاروں کا تعلق کرغیزستان سے بتایا جا رہا ہے۔

استغاثہ کے مطابق یہ واردات اُس وقت انجام دی گئی جب گھر کی مالکن پاکستانی خاتون اپنے رشتہ داروں سے مِلنے کی خاطر پاکستان گئی تھی۔ ملزمان نے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں توڑنے کے لیے لوہے کے اوزار استعمال کیے اور پھر گھر میں موجود کرنسی، زیورات ، قیمتی گھڑیاں اور الیکٹرانک ڈیوائسز لُوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ واردات پام جُمیرہ کے علاقے میں انجام دی گئی۔

پاکستانی خاتون نے عدالت کو بتایا کہ وہ پاکستان میں تھی جب اُس کے دُبئی میں موجود بھائی نے اطلاع دی کہ اُس کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی ہے۔ جب اُس نے گھر آ کر چیک کیا تو پتا چلا کہ چور لاکھوں روپے کی اماراتی اور امریکی کرنسی کے علاوہ قیمتی گھڑیاں ، طلائی زیورات اورالیکٹرانکس کا سامان لے گئے تھے۔ جبکہ پاسپورٹس، بینک کارڈز اور چیک بُکس بھی غائب تھیں۔

آخر علاقے میں نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور اُن کے فلیٹ پر چھاپہ مار کر اُنہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان یہ واردات انجام دینے کے بعد کچھ عرصہ کے لیے امارات سے واپس اپنے وطن چلے گئے تھے اور جب اُنہیں تسلّی ہو گئی کہ پولیس اُن کا سُراغ نہیں لگا سکی تو وہ واپس اپنے ٹھکانے پر آ گئے تھے۔ ملزمان نے دورانِ گرفتاری انکشاف کیا کہ وہ چوری کی مزید وارداتیں انجام دینے کے لیے واپس متحدہ عرب امارات آئے تھے۔