ڈینگی وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 17 جولائی 2019 13:57

ڈینگی وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) موسم برسات میں ڈینگی وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر انسداد ڈینگی مہم پر عملدر آمد کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام محکمے بھر پور کوآرڈینیشن و کوآپریشن کے ساتھ تدارکی ،ا حتیاطی ، حفاظتی اقدامات پر ہر حال میں موثر ، مربوط ، منظم و فعال اقدامات و انتظامات یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی وائرس کی وبا سر نہ اٹھا سکے۔

کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمود جاوید بھٹی نے تمام متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کیلئے محکمانہ اقدامات کے علاوہ اس مسئلے پر بہتر انداز میں قابو پانے کیلئے سماجی تحریک انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ڈینگی کے مرض سے بچنے کیلئے عوامی شعور وآگہی کی سطح پراضافہ ہونا ضروری ہے جس کیلئے انسداد ڈینگی آگاہی مہم کادائرہ مزید وسیع کرکے تشہیر کے ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ہر فرد کو ڈینگی کی روک تھام اور اس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کا شدت سے احساس ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے میونسپل کارپوریشن ، ضلع کونسل ، واسا ، محکمہ صحت ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام سے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی کے خطرہ بارے معلومات کی فراہمی اور اس سے بچنے کیلئے حفاظتی طریقوں سے آگاہی کیلئے ضلع بھرمیں نمایاں جگہوں پر بینرز، فلیکسز اور سٹیمرز لگائے جائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق مساجد سے اعلانات کرائے جائیں ۔

انہوں نے انسداد ڈینگی سیل کے ڈاکٹروں ،ماہرین حشرات اور دیگر سٹاف سے کہا کہ سرویلنس کے دوران ڈینگی مچھر کی موجودگی کی نشاندہی کرکے اس کی کلینیکل اور بائیو لوجیکل ٹرٹیمنٹ کے علاوہ متعلقہ علاقوں کے لوگوں کو اس سے بچائو کیلئے خبردار کریں ۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ کی صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، بارشوں و دیگر پانی کے فوری اخراج و صفائی، قبرستانوں ، کباڑخانوں ، ٹائر شاپس ، پارکوں اور واٹر باڈیز کو تسلسل سے چیک کرنے کی بھی ہدایت کی ۔