ْوفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسروسے ہواوے گروپ کے وائس پریذیڈنٹ مارک شو مین کی ملاقات

ہواوے کمپنی پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو جدید بنانے میں مدد کر سکتی ہے،وفاقی وزیر کی گفتگو

بدھ 17 جولائی 2019 18:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو نے پاکستان میں ہواوے کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان کے آئی ٹی شعبے کو جدید بنانے میں مدد کر سکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں ہواوے گروپ کے وائس پریذیڈنٹ مارک شو مین سے ملاقات میں کہی۔

ملاقات میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے اس بات کو سراہا کہ پاکستان کی موبائل کی صنعت میں ہواوے کا 25 فیصد حصہ ہے اور یہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی چینی کمپنی ہے۔ وفاقی وزیر نے سمارٹ سکول پروجیکٹ کے سلسلے میں ہواوے کمپنی کی ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری کو سراہا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہواوے حکومت پاکستان کے ای گورننس کے نظام کے لیے مدد فراہم کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہواوے پاکستان میں آئی ٹی کے چھوٹے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر کے نوجوانوں کو فائدہ دے سکتی ہے۔ ہواوے کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان ایک اہم اسٹریٹجک مارکیٹ ہے اور کمپنی اس سال تقریبا 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہواوے 55 ملین ڈالرز کی لاگت سے اسلام آباد میں ایک علاقائی ہیڈکوارٹر قائم کرے گا جس سے پاکستان میں نوجوان انجینئرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہواوے پاکستان میں اپنے تکنیکی معاونت سنٹر میں 15 ملین ڈالرز کی مزید سرمایہ کاری کرے گا اور اس سے مزید 200 افراد کو روزگار مہیا ہو گا۔ نائب صدر نے کہا کہ ہواوے پاکستان میں مستقبل میں مزید منصوبے بھی شروع کرے گا۔