نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والے جنوبی افریقہ کے رہنما نیلسن منڈیلا کا یوم پیدائش منایا گیا

جمعرات 18 جولائی 2019 13:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) نسل پرستی کے خلاف جدوجہد اور انسانی حقوق کے لئے امن کانوبل انعام حاصل کرنے والے جنوبی افریقہ کے رہنما نیلسن منڈیلا کا یوم پیدائش جمعرات کو منایا گیا۔ نیلسن منڈیلا جو 18جولائی1918ء میں پیدا ہوئے، نے اپنی پوری زندگی انسانی حقوق کے لئے آواز بلندکرنے ، انسانیت کی خدمت اور امن قائم کرنے کے لئے وقف کئے رکھی۔

وہ جنوبی افریقہ کے جمہوری طورپر پہلے منتخب صدر تھے ۔

(جاری ہے)

جنہوں نے جنوبی افریقہ میں سیاہ فاموں سے برتے جانے والے نسلی امتیاز کے خلاف تحریک میں بھرپور حصہ لیا اور سول نافرمانی کی پاداش میں قید با مشقت کی سزا کاٹی ، مختلف الزامات پر 27 سال پابند سلاسل رہے ۔نسلی امتیاز کے خلاف تحریک پر انہیں دنیا بھر میں پذیرائی ملی جس میں ان کے مخالفین بھی شامل تھے۔

نیلسن منڈیلا کو ان کی چار دہائیوں پر مشتمل تحریک و خدمات کی بنیاد پر 250 سے زائد انعامات سے نوازا گیا جن میں سب سے قابل ذکر 1993ء کا نوبل امن انعام ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دنیا میں امن و آزادی کے لئے آواز بلند کرنے پر نومبر 2009ء کو 18 جولائی’’ یوم منڈیلا‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا جو ان کا یوم پیدائش ہے ۔