پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،

دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم حقیقی استعداد سے کم ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی الجزائر کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر عطاء المنیم شاہد سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2019 17:25

پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے مؤثر اقدامات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم حقیقی استعداد سے کم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں الجزائر کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر عطاء المنیم شاہد سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان الجزائر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ باہمی استفادہ کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کوششوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے نامزد سفیر سے کہا کہ موجودہ حکومت دوطرفہ اقتصادی فائدہ کیلئے برآمدات کے فروغ پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ الجزائر کو پاکستانی افرادی قوت اور شعبوں میں مہارت، تجربہ اور مشینری کی برآمد پر اپنی توجہ دیں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ سفارت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئی قوت اور توانائی پیدا ہو گی۔