نو مئی کے واقعات کے ثبوت عدالتوں کے سامنے ہیں، کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

جمعرات 9 مئی 2024 17:30

نو مئی کے واقعات کے ثبوت عدالتوں کے سامنے ہیں، کیسز کو منطقی انجام تک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے ثبوت عدالتوں کے سامنے ہیں، عدلیہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائے۔ جمعرات کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں صحافی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ثبوت عدالتوں کے سامنے موجود ہیں، حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے اور یہ واضح ہے کہ کون مختلف عمارتوں میں داخل ہوا اور کون باہر کھڑے ہو کر ہدایات دے رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہت عزت کرتے ہیں، ان کی تین بہنیں حملے کے وقت وہاں موجود تھیں لیکن ان پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے گذارش ہے کہ 9 مئی کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے جیلوں کی سختیاں بھگتی ہیں، تحریک انصاف کے دور میں سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کے ساتھ جیلوں میں ناروا سلوک کیا گیا، اس دور میں جیل حکام کو ہدایات جاری کی گئیں کہ جیلوں میں قید مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو دسمبر کی سخت سردی میں فرش پر بیٹھنے پر مجبور کیا جائے، انہیں کرسی اور تکیہ بھی فراہم نہیں کیا گیا جبکہ بانی پی ٹی آئی کو ورزش کے لئے سائیکل اور واکنگ گیلری دستیاب ہے اور کھانے میں دیسی مرغی دی جاتی ہے۔

\932