گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے،شہباز شریف

جمعرات 18 جولائی 2019 23:04

گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے،شہباز شریف
لاہور۔18 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر کہا ہے کہ ایسی گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔وہ جمعرات کے روزیہاں پریس کانفرنس کر رہے تھے‘ اس موقع پراحسن اقبال ‘سردار ایاز صادق‘مشاہد حسین سید اور دیگر بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ احتساب کے نام پر یہ (ن) لیگ کے خلاف سیاسی انتقام ہے، جنھوں نے مسائل حل کیے آج وہ انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں، ایسے اقدامات سے ملک کی جگ ہنسائی ہوتی ہے ۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قرضوں میں اربوں روپے کا اضافہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال میں کوئی سیاسی آمیزش نہیں تھی، مجھے اور میرے ساتھیوں کو ہڑتال کا کوئی علم نہیں تھا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہوں گی، ہم بھی انسان ہیں لیکن قسم کھا تا ہوں ہم نے طالبعلم، مریض اور عوام کی خدمت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ میرے اوپر زلزلہ زدگان کی رقوم سے متعلق الزام لگایا گیا۔

ان الزامات کو سنجیدہ لینے سے قبل گوگل پر جائیں۔ خبر چھاپنے والے صحافی ڈیوڈ روز کی ساکھ کا پتہ چل جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ چند گھنٹوں میں برطانوی ادارے ڈیفیڈ نے خبر کی تردید کردی۔ سال 2005 سے اگست 2008 تک میرے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا اور جب زلزلہ آیا میں جلاوطن تھا۔شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعدیہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال اور مریم اورنگزیب نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری کی غیر تصدیق شدہ فوٹو کاپی دکھا کر شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا، ہم سب کو پکڑ کر جیل میں ڈال دیں لیکن آواز نہیں دبا سکتے۔ جرم ثابت ہوئے بغیر شاہد خاقان کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے۔