پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کا کھلاڑیوں کی حفاظت اور فٹنس میں بہتری پر اجلاس

جمعرات 18 جولائی 2019 20:49

پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی  کا کھلاڑیوں کی حفاظت اور فٹنس  میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ایڈوائزرئی کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے حفاظتی اقدامات اٹھانے پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 9 رکنی کمیٹی نے کھلاڑیوں کے لیے میڈیکل معیار کو بہتر بنانے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مقرر کردہ معیار تک پہنچنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملک بھر میں کام کرنے والے سپورٹنگ سٹاف کو بھی اس حوالے سے آگاہی دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری کے لیے ضروری تبدیلیاں کرکے بہتر نتائج اخذ کرنے کیلئے ایک تیار کردہ خاکے پر بھی بحث کی گئی۔ میڈیکل کمیٹی نے کھلاڑیوں کو انجریز سے بچاؤ کے لیےاقدامات اٹھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں نوجوان کھلاڑیوں میں دل کے امراض کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کے لیے کھلاڑیوں کے باقاعدہ ٹیسٹ کروانے کے ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ میڈیکل کمیٹی ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑی کے سر پر چوٹ لگنے سے متعلق قانون کو متعارف کروانے کی تجویز بھی کرکٹ کمیٹی کو پیش کرے گی۔ کمیٹی نے پاکستان سپر لیگ سمیت ڈومیسٹک اور انٹر نیشنل کرکٹ میں حفاظتی اقدامات کو معیاری بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈومیسٹک سیزن کے آغاز سے قبل ان تجاویز پر کرکٹ کمیٹی سے مشاورت کی جائے گی جس کے نتیجے میں جاندار کھلاڑی سامنے آنے کی امید ہے۔ جو تینوں فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے ساتھ ساتھ انجری سے بھی جلد نجات حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کو اپنے قیام کے بعد سب سے پہلاچیلنج قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 سے قبل ہیپاٹائٹس کے مرض سے صحتیاب کرنا تھا۔

کمیٹی نے شاداب خان کی ایونٹ میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔ممبران نے اپنی تجاویز کے ساتھ ساتھ غیرملکی ماہرین سے بھی مشاورت کی۔ اس موقع پر سربراہ میڈیکل اور سپورٹس سائنسز پی سی بی ، ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے " کھلاڑیوں کی حفاظت کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ میں تمام ماہرین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے آراء ہمارے کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

" "ہم آنے والے سیزن میں اپنے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی میڈیکل سہولیات دینا چاہتے ہیں۔" "اس مرتبہ پہلی بار دل کے ٹیسٹ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ آج کی میٹنگ کا مقصد دیگر ممالک کی فراہم کردہ سہولیات کو مد نظر رکھنا بھی تھا۔ہم اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت پر سمجھوتہ کیے بغیر ان کی کارکردگی میں نکھار لانا چاہتے ہیں۔" پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر کامران بٹ، ڈاکٹر کاظم رحیم نجاد، ڈاکٹر سہیل سلیم، ڈاکٹر ریاض احمد اور ڈاکٹر ضیاء فاروقی نے شرکت کی۔ فزیو تھراپسٹ افسر بن جان، ڈاکٹر عامر خان ، ڈاکٹر امتیاز احمد اور ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔