عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی ثابت ہوگئی،سراج الحق

پاکستان میں گرفتار حاضر سروس اعلیٰ افسر کی بریت سے انکار کر کے عالمی عدالت نے ہندوستان کا اصل چہرہ بے نقاب کیاہے ۔ پاکستا ن عالمی برادری کے سامنے اس مکروہ ہندوستانی کردار کی مزید تفصیلات نشر کرے، امیر جماعت اسلامی

جمعرات 18 جولائی 2019 23:21

عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی ثابت ہوگئی،سراج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے کلبھوشن کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے سے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی ثابت ہوگئی ۔ پاکستان میں گرفتار حاضر سروس اعلیٰ افسر کی بریت سے انکار کر کے عالمی عدالت نے ہندوستان کا اصل چہرہ بے نقاب کیاہے ۔

پاکستا ن عالمی برادری کے سامنے اس مکروہ ہندوستانی کردار کی مزید تفصیلات نشر کرے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی عدالت نے جاسوس ہونا تو تسلیم کر لیاہے لیکن کلبھوشن کی دہشتگردی کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت اور پاکستان کی سلامتی کو درپیش ہو نے والے سنگین خطرات پر آنکھیں بند رکھیں ۔ پاکستان ان بھارتی سازشوں کی سنگینی دنیا کے سامنے پیش کرے ۔

(جاری ہے)

ہندوستان دنیا میں پاکستان کے بارے میںجھوٹا پراپیگنڈا اور جھوٹے الزامات پھیلاتا رہتاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں اپنے برادر اور دوست ممالک کو ہندوستان کی اصل حقیقت سے آگاہ کرے ۔ عالمی عدالت کلبھوشن کے بارے میں تو بار بار ویانا کنونشن کا حوالہ دیتی رہی ، لیکن ہندوستانی جیلوں میں قید بے گناہ پاکستانی شہریوں ، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی پامالی اور خود ہندوستانی مسلمانوں کے گرد دائرہ حیات تنگ کردیے جانے سے مکمل بے خبر بنی رہی ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ عالمی طا قتیں پاکستان اور کشمیر سمیت خطے میں ہندوستان کی تباہ کن سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں وگرنہ علاقائی امن مزید خطرات سے دوچار ہوتا رہے گا ۔