بینکنگ کورٹ نے ڈیفالٹر عائشہ احد ملک کی جائیدادوں کی نیلامی کا حکم دے دیا

جمعہ 19 جولائی 2019 13:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) بینکنگ عدالت لاہور نے نجی بینک کی ڈیفالٹر عائشہ احد ملک کی جائیدادوں کی نیلامی کا حکم دے دیا۔ایک کروڑ پینتیس لاکھ تیس ہزار کی نادہندہ عائشہ احد کی جائیدادیں نیلام کرنے کے لئے چھبیس اور ستائیس اگست کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔بینکنگ عدالت نمبر ایک میں نجی بنک کی جانب سے عائشہ احد ملک کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی ۔

بنک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عائشہ احد نے اے زیڈ سی ڈویلپرز کے نام پر کاروبار کے لئے قرض حاصل کیا جس کیلئے موضع بھوبتیاں میں واقع تین کنال سترہ مرلیکی زمین اور احد ٹاور گلبرگ کی دکان نمبر پندرہ اور سولہ رہن رکھوائیں۔بنک وکیل کے مطابق قرض کی رقم بروقت ادا نہ کرنے پر عائشہ احد کو دوہزار بارہ میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا اور عدالت نے ڈیفالٹر عائشہ احد کے خلاف دو کروڑ اکاون لاکھ تیس ہزار چارسو بارہ روپے کی ڈگری جاری کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے بتایا کہ عدالتی ڈگری کے بعد ڈیفالٹر خاتون عائشہ احد نے ایک کروڑ سولہ لاکھ روپے ادا کئے جبکہ ڈگری کے بقایا ایک کروڑ پینتیس لاکھ تیس ہزار چارسو بارہ روپے کی ریکوری کے لئے عائشہ احد کی جائیدادیں نیلامی کا حکم دیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے عائشہ احد کی جائیدادوں کی نیلامی کا حکم دیتے ہوئے چھبیس اور ستائیس اگست کی تاریخیں مقرر کر دیں۔