پاکستان اور افغانستان کے تعلقات نئے افق کی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں

افغان صدر اشرف غنی کے سینئر مشیر برائے قومی سلامتی سرور احمد زئی کادورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے لئے مفید ثابت ہو گا وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات و سیفران شہریار خان آفریدی کی افغان صدر کے مشیر کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 19 جولائی 2019 14:21

پاکستان اور افغانستان کے تعلقات نئے افق کی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات و سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کے سینئر مشیر برائے قومی سلامتی سرور احمد زئی کادورہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے لئے مفید ثابت ہو گا، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات نئے افق کی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں، افغانستان کی درخواست پر افغانستان سے بھارت جانے والوں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کو کھولا گیا ہے، افغانستان ایک خود مختار ریاست ہے، پاکستان اپنے قریبی ہمسایہ ملک افغانستان میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو افغان صدر کے سینئر مشیر برائے قومی سلامتی سرور احمد زئی کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ افغان صدر کے مشیر نے بھرپور میزبانی اور افغانستان کے لئے ویزہ پالیسی میں بہتری کے لئے پاکستان کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 40 برس سے افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان وزارت مہاجرین اپنے افغان مہاجرین کی پاکستان سے باعزت وطن واپسی کے لئے پالیسی وضع کر رہی ہے۔