ایم ڈی اے کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیاجائے گا، چیئرمین

جمعہ 19 جولائی 2019 17:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب جناب عثمان بزدار اور حکومت پنجاب کی پالیسی اور ویژن کے مطابق ایم ڈی اے کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کریں گے۔ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے گا۔کسی ملازم کو نا حق تنگ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے ایم ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے ملاقات میں سروس ریگولر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے دوسرے مطالبات بھی پیش کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے محمد انور چوھدری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ریاض شہزاد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا کہ ملتان کا رہائشی ہو جس طرح میں ملتان شہر کے مسائل جانتا ہوں اسی طرح ایم ڈی اے کے ملازمین کے مسائل سے بھی واقف ہو۔

ملازمین کے تمام مسائل حل کریں گے۔ پنجاب کی دوسری اٹھارٹیز کے قوانین کو فالو کر کے ایم ڈی اے کے ملازمین کے مطالبات گورننگ باڈی میں حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ ملازمین کو ٹینشن فری کر کے زیادہ محنت اور دیانت داری سے کام لیا جا سکتا ہے۔اس لئے تمام ملازمین کو عزت دی جائے گی اور ناحق کسی کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا کے وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی اور مدد سے ایم ڈی اے اور ملتان شہر کے تمام مسائل حل کریں گے اور ادارہ کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لایں گے۔