چیف سلیکٹرکیلئے محسن خان ،معین خان ،راشد لطیف اور عامرسہیل میں مقابلہ

یکم اگست کو کامیاب امیدوار کا اعلان ہوگا، معین اور عامرسہیل پہلے بھی چیف سلیکٹر رہ چکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 جولائی 2019 17:11

چیف سلیکٹرکیلئے محسن خان ،معین خان ،راشد لطیف اور عامرسہیل میں مقابلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے چیف سلیکٹر کی تلاش شروع کردی ہے اور 4سابق کرکٹرز اس عہدے کیلئے فیورٹ قراردئیے جارہے ہیں جن میں محسن حسن خان ،معین خان ،راشد لطیف اور عامرسہیل شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹرانضمام الحق کی جانب سے عہدے میں توسیع نہ لینے کے اعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے چیف سلیکٹر کی تلاش کا آغا ز کردیا ہے اوراس کیلئے کئی نام سامنے آئے ہیں تاہم 4سابق کرکٹر زمحسن حسن خان ،معین خان، راشد لطیف اور عامر سہیل اس کیلئے فیورٹ ہیں اوران چاروں میں عہدے کیلئے زبردست مقابلہ ہے۔

معین خان ورلڈکپ 2015 ءسے قبل ہیڈکوچ اورچیف سلیکٹررہے تاہم ناقص کارکردگی پر انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔ عامر سہیل بھی 2بار بطور چیف سلیکٹر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں سابق وکٹ کیپرراشد لطیف 2016 ءمیں ہیڈ کوچ بنے تھے اور مکی آرتھر کے آنے پر عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

(جاری ہے)

محسن حسن خان قومی ٹیم کے کوچ اورکرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں،بطورکوچ ان کا ٹریک ریکارڈ 100 فیصدہے۔واضح رہے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے عہدے کی میعاد 30جولائی کو ختم ہو رہی ہے ،ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ یکم اگست کو نئے چیف سلیکٹر کے نام کا اعلان کردے گا ،اب دیکھنا یہ ہے کہ 4فیورٹ امیدواروں میں سے کامیاب امیدوار کون قرارپاتاہے۔