چیف جسٹس کا جھوٹی گواہی اور تاخیری حربوں کو ختم کرنے کا عزم امیدافزا ہے ،خلیل احمد

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر خلیل احمد آسی نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعیدکھوسہ کے بیان کہ ’’منصفانہ معاشرے کے لئے جھوٹی گواہی اور تاخیری حربوں کو ختم کرنا ہوگا ‘‘ کو عوام کے لئے انتہائی امید افزاء قراردیا ہے اور کہا ہے کہ انتظامیہ ،عدلیہ ،وکلاء برادری اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو باہم مل کر ٹھوس منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کو تیز ترین اور سستے انصاف کا حق دلانے کے لئے نتیجہ خیز کام کرنا ہوگا ورنہ مایوسی کے اندھیروں سے عوام کبھی نہیں نکل سکیں گے ۔

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں خلیل احمد آسی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف احتساب کی رفتار انتہائی سست ہے ۔

(جاری ہے)

عدالتوں میں عام مقدمات بھی برسوں چلتے ہیں ۔غریب آدمی انصاف کے حصول کے لئے ساری عمر رلتا رہتا ہے جبکہ امیر آدمی منہ مانگی قیمت پر انصاف خرید لیتا ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعیدکھوسہ کی قیادت میں عدلیہ میں اگر عام آدمی اور خاص کے ساتھ ایک جیسے انصاف کے لئے نظام ترتیب پا رہا ہے تو یہ عوام کے لئے نیک شگون ہے ۔

نچلی سطح پر عدالتوں سے رشوت خوری کا نظام بھی عام آدمی کے لئے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔وکلاء برادری کو بھی عوام کے وسیع تر مفاد میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے تاخیر ی حربوں سے اجتناب کرنا ہوگا جبکہ مقدمات کے تفتیشی نظام میں ناانصافیوں اور خامیوں کے خاتمہ کے لئے بھی ٹھوس تجاویز پر عملدرآمد بروئے کار لانا ہوگا ۔چند جھوٹی گواہیاں دینے والوں کو اگر عدالت کے اندر ہی قرار واقعی سزاملے اورجھوٹی گواہی دینے والوں کو آئندہ کسی بھی جگہ گواہی دینے سے روک دیا جائے تو اس برائی کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہے ۔#