ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کا ہنگامی صورتحال کے نفاذ کے بعد ریڈ زون ایریا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے حوالے سے تاجر برادری سے ملاقات

جمعرات 25 جولائی 2019 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2019ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ دہشتگردی کی سنگین وارداتوں کے بعد شہر بھر میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ کے بعد ریڈ زون ایریا میں تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر سے مرکزی انجمن تاجران، مرکزی تاجر اتحاد اور تاجر ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔

ملاقات میں راجہ اختر علی، حاجی محمد رمضان، چوہدری محمد جمیل سمیت دیگر تاجر رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے اس حوالے سے درپیش مسائل کے بارے بات چیت کی جس میں بازاروں اور شہر میں صفائی نہ ہونے سے متعلق واسا اور ٹی ایم اے کی شکایت کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کے باوجود دکانیں کھولنے اور معمولات زندگی رواں رکھنے پر تاجراں کی تعریف کی اور کہا کہ بڑے کاروباری اداروں کے مالکان اپنے اور اپنے کاروبار کے تحفظ کیلئے فوری طور پر خفیہ کیمرے نصب کریں، انہوں نے تاجراں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک افراد اور اشیاء پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا اشیاء کے حوالے سے فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ دکاندار اپنا سامان دکان کی حدود کے اندر رکھیں، تجاوزات کیخلاف آپریشن بغیر کسی رعایت کے جاری رکھا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :