مالی سال 2018-19ء کے دوران بینکوں کی جانب سے زرعی شعبہ کو 1.174 کھرب روپے کے قرضے جاری

منگل 6 اگست 2019 09:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) گزشتہ مالی سال 2018-19ء کے دوران بینکوں کی جانب سے زرعی شعبہ کو 1.174 کھرب روپے کے قرضے جاری کئے گئے۔ دوران سال زرعی قرضہ سے 40 لاکھ کاشتکاروں نے استفادہ کیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کیلئے زرعی قرضہ جات کے اجراء کا ہدف 1.25 کھرب روپے مقرر کیا گیا تھا اور دوران سال بینکوں کی جانب سے شعبہ کو ہدف کے 94 فیصد کے مساوی قرضے جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2017-18ء کے دوران زرعی شعبہ کو 972.6 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے تھے۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کو ریکارڈ قرصے فراہم کئے گئے ہیں جو مالی سال 2017-18ء کے مقابلہ میں 201.4 ارب روپے کے زائد قرضے جاری کئے گئے ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق جون 2019ء کے اختتام پر زرعی شعبہ کے واجب الادا قرضے 20 فیصد کے اضافہ سے 562.4 ارب روپے تک بڑھ گئے ہیں جبکہ جون 2018ء کے اختتام پر زرعی شعبہ کے واجب الادا قرضوں کا حجم 469.4 ارب روپے تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے اختتام پر زرعی شعبہ کے واجب الادا قرضوں کے حجم میں 93 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :