وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ڈرائی پورٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر اسلام آباد چیمبر کے حوالے کرنے کو تیار ہیں، چیمبر اس سلسلہ میں جامع تجویز پیش کرے، شیخ رشید احمد

منگل 6 اگست 2019 17:35

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے اسلام آباد ڈرائی پورٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے حوالے کرنے کو تیار ہے تاکہ تاجر برادری کو اس ڈرائی پورٹ سے مال کی درآمد و برآمد کیلئے مزید بہتر سہولہات میسر آئیں، چیمبر اس سلسلہ میں ایک جامع تجویز تیار کرکے ان کو پیش کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، سابق صدر خالد جاوید اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کے کراچی اور لاہور کے ڈرائی پورٹس کو پہلے ہی پاکستان ریلوے نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر نجی شعبہ کے حوالہ کیا ہوا ہے اور اب اسلام آباد کے ڈرائی پورٹ کو بھی نجی شعبہ کے حوالہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کی کارگو ٹرین سروس کو مزید بہتر کیا جائے گا تاکہ تاجر برادری ریلوے کے ذریعے مال کی ترسیل میں سہولت محسوس کرے۔ انہوں نے ریلوے سے متعلق تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہائی کرائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ ایکسل لوڈ رجیم کے نفاذ کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 سو سے 2 ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے تاجروں و صنعتکار وں کیلئے کاروبار کی لاگت میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے اپنی کارگو ٹرین سروس کو مزید بہتر کرے تا کہ تاجر وصنعتکار مال کی ترسیل کیلئے کارگوٹرین سروس کا استعمال بڑھانے میں ترغیب محسوس کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور سابق صدر خالد جاوید نے کہا ایک وقت تھا کہ تقریباً 75 فیصد مال کی ترسیل پاکستان ریلوے کی کارگو ٹرین کے ذریعے کی جاتی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ سروس اپنا بہتر معیار برقرار نہ رکھ سکی جس کی وجہ سے تاجر برادری کو روڈ ٹرانسپورٹ کی طرف رجوع کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی دنیا میں ریلوے مال کی ترسیل کیلئے سب سے موثر اور سستا ذریعہ ہے لہذا پاکستان ریلوے کی کارگو ٹرین سروس کو بھی بہتر سے بہتر کیا جائے جس سے نہ صرف ریلوے کا خسارہ کم ہو گا بلکہ تاجر وصنعتکار برادری کو بھی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو گی۔اس موقع پر دونوں جانب سے دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔