پاکستان کی تحریک آزادی اور تعمیر میں اقلیتوں نے اہم کردار ادا کیا ہے،کمشنر ساہیوال

جمعہ 16 اگست 2019 15:50

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) کمشنر ساہیوا ل ڈویژن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کی تحریک آزادی اور تعمیر میں اقلیتوں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور تعلیم و صحت کے شعبوں کے علاوہ دفاع وطن میں ان کے کردار کو بھی سراہا جانا چاہیے۔انہوں نے یہ بات اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل کے تعاون سے گاسپل چرچ میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کہی،جس میں مسیحی بچوں نے آزادی کی جدوجہد کے حوالے سے ٹیبلو ،ملی نغمے ، خاکے اور گیت بھی پیش کیے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی ،بشپ آف ساہیوال ابراہم عظیم ڈینیل،شیخ طارق سجاد ایڈووکیٹ اور تحریک انصاف کے مقامی رہنما احمد قیوم بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں تمام افراد کو مساوی حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں اور ہمیں بھی چاہیے کہ ہم اس خواب کی تعبیر کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے شاندار تقریب کے انعقاد پر گاسپل چرچ کی انتظامیہ کے جذبے کو سراہا اور یقین ظاہر کیا کہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار آئندہ بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔