وزیراعلیٰ کی عیدالاضحی ، یوم آزادی اور یوم سیاہ کی ریلیوں کی بہترین سکیورٹی اور شاندار انتظامات پر پولیس اور انتظامیہ کو شاباش

جمعہ 16 اگست 2019 20:05

لاہور۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے عیدالاضحی ، یوم آزادی اور یوم سیاہ کی ریلیوں کی بہترین سکیورٹی اور شاندار انتظامات پر پولیس اور انتظامیہ کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں نے لگن اور عزم کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے، جس پر میں پولیس اور انتظامیہ کے افسروں و اہلکاروں کو شبانہ روز محنت پر مبارکباد دیتا ہوں‘ متعلقہ اداروں نے عیدالاضحی، یوم آزادی اور یوم سیاہ کی ریلیوں کیلئے مشترکہ کاوشوں سے موثر اقدامات کئے اور عوام کیلئے پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے حوالے سے پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی قابل ستائش رہی۔

انہوں نے کہا کہ فول پروف انتظامات کرکے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا اور صوبے کے عوام نے پر امن ماحول میں عیدالاضحی اور یوم آزادی کی خوشیاں منائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ پر منعقدہ ریلیوں کے انعقاد کیلئے بھی بہترین انتظامات پر افسران و اہلکاران تعریف کے مستحق ہیں‘ پنجاب میں پولیس اور انتظامیہ نے ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں بھی پولیس اور انتظامیہ کو اسی جذبے اور عزم کے ساتھ فرائض سرانجام دے گی۔