ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی اہلیت منوانا اگلا ہدف ہے :بابراعظم

آئندہ میچز میں اننگز کو طول دیتے ہوئے زیادہ سکور کرنے کی کوشش ہوگی:قومی بیٹسمین

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 اگست 2019 12:27

ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی اہلیت منوانا اگلا ہدف ہے :بابراعظم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اگست 2019ء) بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے فکرمند ہیں، ان کا کہنا ہے کہ محدود اوورز کے میچز کا ریکارڈ تو اطمینان بخش ہے البتہ میں طویل فارمیٹ میں بھی ملک کیلئے رنز بنانا چاہتا ہوں۔ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں خوب رنز بنانے والے بابر اعظم نے اپنی کاﺅنٹی سمرسٹ کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہاکہ میں محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا ہوں، میرا ریکارڈ بھی اطمینان بخش ہے تاہم اب ٹیسٹ کرکٹ میں اہلیت منوانا چاہتا ہوں،میری کوشش ہوگی کہ آئندہ میچز میں اپنی اننگز کو طول دیتے ہوئے ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ رنز بناﺅں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کی،میں چاہتا ہوں کہ اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

(جاری ہے)

بابر اعظم نے کہاکہ انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ شاندار رہا، انگلش سرزمین پر پاکستان ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے رنز بنانے میں کامیاب ہوا، ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا خواب بھی پورا ہوا، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونےکی وجہ سے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں بھی فارم برقرار رہی،کاﺅنٹی کا کوچنگ سٹاف اور مینجمنٹ بڑی سپورٹ کررہی ہے۔

میں اس بات پر بھی خوش ہوں کہ سمرسٹ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے12سال کی عمر تک کرکٹ کا کوئی شوق نہیں تھا، اس کے بعد گلی محلے میں کھیلنا شروع کیا، والد نے ایک کلب کی جانب سے کھیلنے کی حوصلہ افزائی کی،انڈر15سے انڈر 23اور ”اے“ ٹیم میں جگہ بنائی، میں خوش قسمت ہوں کہ ایک سال بعد ہی گرین شرٹ زیب تن کرنےکا موقع مل گیا اور اچھی کارکردگی بھی دکھانے میں کامیاب ہوا۔