بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف بھارتی عوام لندن کی سڑکوں پرنکل آئے

لندن میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے واقع پارک میں بھارت کی نچلی ذات کے سیکڑوں بھارتیوں کا احتجاج

پیر 19 اگست 2019 15:57

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف بھارتی عوام لندن کی سڑکوں پرنکل آئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزلندن میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے واقع پارک میں بھارت کی نچلی ذات کے سینکڑوں ہندو مودی حکومت کے غیرقانونی اقدامات اورنچلی ذات کے ہندوئوں کے ساتھ کئے گئے مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیلئے جمع ہوگئے۔

اس موقع پر موجود مظاہرین نے مودی کے خلاف نعرے لگائے جبکہ کشمیری عوام اور سکھوں کے خلاف کئے گئے مظالم پر بھی افسوس کا اظہار کیا ۔مظاہرے میں خواتین نے کہا کہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر جو ظلم کئے جارہے ہیں ہم مودی کی حمایت نہیں کرسکتے،بھارت میں مسلمان بھی بڑی تعداد میں ہیں اور سکھوں کا بھی بڑا اسٹیک ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے مودی حکومت کے غیرقانونی اقدامات کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ انڈین آ ئین کے مطابق بھارت کا نام ہندوستان نہیں ہوسکتا بلکہ ہمارے ملک کا نام بھارت یا انڈیا ہے لیکن مودی سرکار بھارت کو ہندوستان بنانے پر تلی ہوئی ہے اوربھارت کو آر ایس ایس کے جنونی ہندوئوں کا ملک بنا دیا گیا ہیجو بھارت کے قانون کے خلاف ہے۔مظاہرین نے کہا کہ مودی سرکار کی جانب سے ہماری جو زمینیں ہتھیالی گئی ہیں وہ واپس کی جائیں اور ہمیں ہمارے مندر بنانے کی اجازت دی جائے۔بعدازاں مظاہرین مودی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ہائوس آف لارڈز کے سامنے جمع ہوگئے اوروہاں بھی مودی کے خلاف نعرے لگائے۔