صوبے میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے،امتیاز شیخ

جگر جلال کا واقعہ ہوا ہے وہ گانے کی محفل میں جارہے تھے جلد ان کو بازیاب کرالیں گے ،وزیر توانائی سندھ کا توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب

پیر 19 اگست 2019 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) سندھ کے وزیر تونائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ اس وقت اللہ کے فضل وکرم سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہے پہلے حالات خراب تھے لیکن اب لوگوں میں احساس تحفظ پایا جاتا ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی میں جی ڈی اے کے رکن اسمبلی نند کمار گوکلانی کے ایک توجہ دلا نوٹس کے جواب میں کہی جو ہندو بیوپاری تامل داس کے قاتلوں کی گرفتاری سے متعلق تھا ۔

اقلیتی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے اورلوگ اغواہورہے ہیں،کل گلوکار جگر جلال چانڈیو پانچ افراد کے ساتھ اغواہوا ہے۔امتیاز شیخ نے کہا کہ جگر جلال کا واقعہ ہوا ہے وہ گانے کی محفل میں جارہے تھے جلد ان کو بازیاب کرالیں گے امتیاز شیخ جب جواب دینے کے لئے اپنی نشست سے اٹھے تو نند کمار نے پوچھا کہ سر آپ کو کیاوزارت داخلہ مل گئی ہے نند کمارنے کہا کہ اب سندھ میں چانڈیو بھی اغواہورہے ہیںیہ تو قیامت کی نشانی ہے ۔

(جاری ہے)

جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے لقمہ دیا کہ آپ کو تو کسی نے تنگ نہیں کیا نند کمار نے کہا کہ نہیں سر ہم پر پیر صاحب پگارا کا ہاتھ ہے ہم حسینی ہیں ۔وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ ہند تاجر ٹیکسی کرکے جارہے تھے تو ٹیکسی ڈرائیور نے لوٹ مار کرکے قتل کیا ،واقعے کی تحقیقات ہوئی دونوں قاتل پکڑے گئے اور قانون کے شکنجے میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اچھی کارکردگی دکھائی قاتل پکڑے گئے ایسے واقعات دنیا میں ہرجگہ ہوتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے عدیل احمد نیاپنے ایک توجہ دلا نوٹس کے ذریعے پی ایس 98 میں فراہمی و نکاسی کی بدترین حالت پر توجہ مبذول کرائی ان کا کہنا تھا کہ آج اس جدید دور میں بھی لوگ بغیر سیوریج کے زندگی گذار رہے ہیں ،کچھ گوٹھوں میں آج بھی پانی کنویں کے ذریعے زمین میں ڈالا جاتا ہے اور جہاں سیوریج کا نظام ہے وہ بھی بالکل ناکارہ ہے۔وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ علاقے میں واقعی مسائل ہیں اس سال اسکیم مکمل ہونگی تو مشکلات ختم ہوجائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایم ڈی واٹر بورڈ کام نہیں کرے گا تو اسے ہٹادیں گے ،ارکان اسمبلی کو کو ایم ڈی کو فون کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایم ڈی خود ان کو فون کریں گے ۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے اپنے ایک توجہ دلا نوٹس کے ذریعے یہ دریافت کیا کہ غیر قانونی کاموں میں ملوث دواہلکاروں کے خلاف کیا کاروائی کی گئی ہے جو گلشن غازی میں سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے لوگ بلدیہ میں بہت طاقتور ہیں اور ایس ایس پی ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ،بلدیہ میں منشیات پولیس کی سرپرستی میں فروخت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی شوکت کھٹیان اچھے آدمی ہیں اور بہتر انداز میں کام کررہے ہیں جس پر صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کہا کہ یہ کریڈٹ بھی سندھ حکومت کو جاتا ہے کہ اپوزیشن کے رکن ایک پولیس افسر کی ایمانداری کی گواہی دے رہے ہیں ۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شاہ نواز جدون نے مچھر کالونی، سلطان آباد سکندرآباد، کی ماڑی اور دیگر علاقوں میں منشیات فروشی پر توجہ دلا نوٹس پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ پولیس منشیات فروشوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے بلکہ خود بھی فروخت کرتی ہے۔صوبائی وزیر ایکسائز و پارلیمانی امور مکیش کمارچالہ نے کہا کہ منشیات واقعی ہم سب کے لئے عذاب ہے اور سب کو ملکر کام کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کو تباہ کررہی ہے میں ایکشن لیکر اپنے محکمے کی بجاتا ہوں ۔