عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی علاقائی دہشتگردی کو روکنے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں، فردوس عاشق اعوان

بدھ 21 اگست 2019 01:05

عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی علاقائی دہشتگردی کو روکنے کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) وزیراعظم کی مشیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی اکثریت کو بدلنے کے منصوبے کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے اسلامک تعاون تنظیم (او آئی سی) کے پلیٹ فارم سے اسلامی ممالک کو متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے معصوم کشمیریوں پر مظالم انتہا کو پہنچ گئے ہیں جبکہ میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو رسائی حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ موبائل فون اور لینڈ لائن پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو دنیا بھر میں متنازعہ علاقوں میں رسائی دی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ خود عراق جنگ کے دوران میڈیکل ٹیم لے کر گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ یہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی علاقائی دہشتگردی کو روکنے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے عالمی دبائو پر ملک میں کسی بھی ادارے پر پابندی عائد نہیں کی۔