ٹرمپ کو رعائتیں پیش نہیں کروں گا خواہ قیمت میری بیٹی کو چکانا پڑے ، بانی ہواوے

ہواوے کے خلاف امریکی اقدامات آزاد منڈی میں مسابقت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، رین ڑینگفی

بدھ 21 اگست 2019 13:17

ٹرمپ کو رعائتیں پیش نہیں کروں گا خواہ قیمت میری بیٹی کو چکانا پڑے ، ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) ٹکنالوجی کی دنیا کی معروف چینی کمپنی ہواوے کے بانی رین ڑینگفی نے کہاہے کہ واشنگٹن میں موجودہ سیاسی فضاؤں کے سبب وہ امریکی پابندیاں ختم ہونے کی توقع نہیں رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا کہ کمپنی ترقی کی منازل طے کرے گی کیوں کہ وہ اپنی ٹکنالوجی کو خود جدید بناتی ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڑینگفی نے کہا کہ اگر امریکی پابندیوں کے خاتمے کے بدلے کسٹم ڈیوٹی کی جنگ میں چین سے رعائتوں کا مطالبہ کیا گیا تو انہیں اس کی خواہش ہر گز نہیں اگرچہ اس کا مطلب یہ ہو کہ ان کی بیٹی کو زیادہ طویل قانونی تنازع کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ہواوے کمپنی کے بانی کی بیٹی اس وقت کینیڈا میں نظر بند ہیں۔

(جاری ہے)

ان پر امریکی عدالت نے فوجداری نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔واشنگٹن نے پیر کے روز ہواوے ٹکنالوجیز کے لیے امریکی کمپنیوں سے خریداری کی مہلت میں 90 روز کی توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ بیان دے چکے ہیں کہ قومی سلامتی سے متعلق وجوہات کی بنا پر وہ چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ کسی قسم کی تجارتی کارروائی کرنے کی خواہش نہیں رکھتے۔

ہواوے کمپنی نے جوابی بیان میں کہا کہ یہ بات تو واضح ہے کہ خاص اس وقت میں اس نوعیت کے فیصلے کا اعلان سیاسی پہلو کا حامل ہے اور امریکی قومی سلامتی سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ کمپنی کے مطابق امریکی اقدامات آزاد منڈی میں مسابقت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات امریکی کمپنیوں سمیت کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں .. ہواوے کمپنی کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوششیں امریکا کے لیے ٹکنالوجی کے میدان میں قیادت کو یقینی بنانے میں ہر گز مددگار ثابت نہیں ہوں گی۔