کوچنگ کیلئے مجھ سے متعلق خبریں افواہیں ہیں: مصباح الحق

کوچ کیلئے اپلائی کرنے پرکرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ دےدوں گا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ اگست 15:19

کوچنگ کیلئے مجھ سے متعلق خبریں افواہیں ہیں: مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21اگست2019ء) قومی ٹیم کے کیمپ کمانڈنٹ اور سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دے رہے ہیں تاہم اب تک کی خبریں محض افواہیں ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے کوچنگ کورس کررکھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کے لیے درخواست کرنے سے قبل وہ کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دیں گے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کرنا ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جو لڑکے سینٹرل کنٹریکٹ پر ہیں ان پر زیادہ توجہ ہوتی ہے اور کوشش یہی ہوتی ہے کہ میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب ہو،ایمرجنگ کیمپ میں محمد حسنین کو شامل کیا تھا،کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کافٹنس لیول بہترکرسکوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کنڈیشننگ کیمپ سے کھلاڑی بہتر انداز میں خود کو تیار کرسکیں گے۔مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی یقیناً کپتان کی تبدیلی پر غور کررہا ہوگا اور یہ اختیار کرکٹ بورڈ کے پاس ہیں،تینوں فارمیٹس میں ایک کپتان رکھنا یا نہ رکھنا کرکٹ بورڈ کی صوابدید ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ تنقید ضروری ہے لیکن اس سے سیکھنا چاہئے،ہماری ٹیم میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش ہے۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کی6ٹیموں میں بہترین کارکردگی دکھانےوالوں کوسلیکٹ کریں گے۔