برطانیہ سمیت 4 یورپی ممالک کی’’ خسرے سے پاک ملک‘‘ کی حیثیت ختم

جمعرات 29 اگست 2019 13:38

کوپن ہیگن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2019ء) عالمی ادارہ صحت نے خسرہ کی وباء پھیلنے پر برطانیہ سمیت 4 یورپی ممالک کی’’ خسرے سے پاک ملک‘‘ ہونے کی حیثیت ختم کر دی۔عالمی ادرہ صحت کے یورپی ریجنل ویری فیکیشن کمیشن فار میزلز اینڈ روبیلا ایلی مینیشن کے سربراہ گنٹر فف نے برطانیہ، یونان ،جمہوریہ چیک اور البانیہ کو کہا ہے کہ وہ فوری طورپر خسرے کی بیماری کے خلاف ویکسینیشن کے عمل کو تیز کریں کیونکہ اس کا دوبارہ اٹھ کھڑا ہونا تشویش ناک ہے اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو مزید زندگیاں موت کے منہ میں چلی جائیں گی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں یورپ کے 48 ممالک میں خسرہ کی89 ہزار994 کیس رجسٹرڈ ہوئے جو کہ 2018ء کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں 2018 ء کے دوران خسرہ کے 953 کیس سامنے آئے تھے جبکہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 489 کیس رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔عالمی ادارہ کے مطابق 2019 ء کے پہلے چھ ماہ میں یورپ میں خسرہ سی37 اموات ہوئیں جن کی تعداد گزشتہ سال 74 تھی اور ان میں 60 فیصد مریضوں کی عمریں 19 برس سے کم تھیں۔

2019 ء کے پہلے چھ ماہ میں خسرہ کے 78 فیصد کیسز یوکرین،قزاخستان ،جارجیا اور روس میں رجسٹرڈ ہوئے جبکہ ان 78 فیصد کیسزمیں سے 60 فیصد یوکرین میں رجسٹرڈ ہوئے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق آسٹریا اور سوئٹززلینڈ کو خسرہ فری ممالک کا درجہ دیدیا گیا ہے جبکہ یورپ کی53 ممالک میں سے اب کل 35 خسرہ فری ممالک ہیں۔باقی دنیا میں خسرہ کے سب سے زیادہ کیسز جمہوریہ کانگو، مڈغاسکر اور یوکرین میں دیکھے گئے۔ادارے کے مطابق دنیا میں ہر سال 60 لاکھ 70 ہزار اموات صرف خسرے کی بیماری کے باعث ہو رہی ہیں۔