پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو بیک وقت قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا اعلان چند روز میں کر دیا جائے گا، ذرائع

پیر 2 ستمبر 2019 15:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو بیک وقت قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان اسی ہفتے کئے جانے کی امید ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی مصباح الحق کے کوچ ہونے کی صورت میں مہنگے بیٹنگ کوچ کے بجائے مقامی کوچز پر انحصار کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے بجائے صوبائی ٹیموں کے سلیکٹرز چیف سلیکٹرز کی مدد کریں گے جبکہ بولنگ کوچ کے لیے وقاریونس کا انتخاب کیا گیا ہے۔یاد رہے کچھ روز قبل پی سی بی نے قومی ٹیم کیلئے ہیڈ اور بائولنگ کوچ کیلئے انٹرویوز لئے تھے۔قذافی اسٹیڈیم میں سی ای او پی سی بی وسیم خان کی سربراہی میں پانچ رکنی پینل نے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔بولنگ کوچ کے لئے وقار یونس جبکہ ہیڈ کوچ کے لیے ڈین جونزاور مصباح الحق نے پی سی بی کو اپنی صلاحیتوں کے بارے میں بتایا تھا۔سابق ویسٹ انڈئین فاسٹ باولر کورٹنی واش اور محسن حسن خان نے بھی ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے پینل کو اپنے تجربے سے آگاہ کیا تھا۔