کابل کے گرین ویلج کمپائونڈ پرطالبان کے حملے میں 16 افراد ہلاک، 119 زخمی

منگل 3 ستمبر 2019 14:25

کابل کے گرین ویلج کمپائونڈ پرطالبان کے حملے میں 16 افراد ہلاک، 119 زخمی
کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2019ء) افغان دارالحکومت کابل کے انٹرنیشنل زون گرین ویلج کمپائونڈ پرطالبان کے حملے میں 16 افراد ہلاک اور 119 زخمی ہوگئے۔افغان ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مارے جانے اور زخمی ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق حملے میں بارود سے بھری گاڑی کو مقامی وقت کے مطابق رات پونے دس بجے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔

طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ ان کے جنگجو دھماکے کے بعد گرین ویلج کمپائونڈ میں داخل ہوگئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکا عام لوگوں کے گھروں کے درمیان کیا گیا۔ انہوں نے طالبان کے اس دعوے کی بھی تردید کی ہے کہ طالبان جنگجو گرین ویلج کمپائونڈ میں داخل ہوگئے ہیں۔ افغان حکام نے 4 طالبان جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔