رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ،ایف بی آر کی جانب سے وصول کئے گئے ٹیکسز کی شرح میں مجموعی طور پر 16 فیصد کا اضافہ

منگل 3 ستمبر 2019 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2019ء) رواں مالی سال 2019-20 کے ابتدائی دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے وصول کئے گئے ٹیکسز کی شرح میں مجموعی طور پر 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سیلز ٹیکس محصولات میں 26 فیصد اور براہ راست ٹیکسز کی وصولی میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2017-18 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2018-19 کے اسی عرصہ کے دوران مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسی طرح سیلز ٹیکس کی وصولی میں بھی 11 فیصد جبکہ ڈائریکٹ ٹیکسز کی وصولیوں میں 9 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران ایف بی آر کی مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سیلز ٹیکس محصولات میں 15 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور براہ راست ٹیکس وصولیوں کی شرح میں بھی 9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔