رمیز راجہ کی جانب سے پی سی بی کے جرات مندانہ اقدام کا خیر مقدم

عدم دلچسپی اور انتظامی نااہلی تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی:سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 ستمبر 2019 17:22

رمیز راجہ کی جانب سے پی سی بی کے جرات مندانہ اقدام کا خیر مقدم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 ستمبر2019ء) رمیز راجہ نے پی سی بی کے جرات مندانہ اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نئے سسٹم کے آنے سے پاکستان میں کرکٹ کا معیار بدل جائے گا۔ یو ٹیوب پر جاری ویڈیو بیان میں ان  کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا یہ فیصلہ قابلِ ستائش ہے، پاکستانی کرکٹ میں نئے نظام کو لانا ایک جرات مندانہ اور ذہانت پر مبنی اقدام ہے، اس نظام کے ذریعے پاکستان میں سپر سٹارز کے پیدا ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔

رمیز راجہ نے امید ظاہر کی کہ اس سسٹم کے ذریعے پاکستانی کرکٹ سے کنفیوزن کی صورتحال ختم ہوگی اور ڈومیسٹک سطح کی کرکٹ کا انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پرانے نظام کے باعث انٹرنیشنل سطح پر پاکستانی کرکٹ کو نقصان پہنچ رہا تھا اور ہم دوسروں سے بہت پیچھے تھے۔

(جاری ہے)

راجہ نے پی سی بی کو خبردار کیا کہ کرکٹ میں سیاست ایک مہلک بیماری ہے اس لیے کرکٹ کو ہر طرح کی سیاست سے پاک ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانے نظام میں موجود سیاست اور انتظامی نا اہلیوں نے کرکٹ کو برباد کیا تاہم خوشی کی بات ہے کہ اب نئے نظام کے ذریعے پاکستان میں اچھی اور سیاست سے پاک کرکٹ کو فروغ ملے گا اور قومی کرکٹ اوسط درجے سے اوپر آئےگی۔انہوں نے کہا کہ انہیں پی سی بی کے سلیکشن کے طریقہ کار سے بھی اختلاف تھا کیونکہ سلیکشن کا اختیار پی سی بی نے اپنے پاس رکھا ہوا تھا جس کے باعث صوبوں کی خود مختاری متاثر ہورہی تھی کیونکہ صوبائی سطح پر کھلاڑی پیسہ اور وقت خرچ کرکے اوپر آتے تھے جنہیں پی سی بی کے سلیکٹرز ایک آدھ گھنٹے کے ٹرائل میں مسترد کردیتے تھے۔

راجہ نے کہا کہ وہ شروع سے کہتے آئے ہیں کہ ڈومیسٹک سطح کی کرکٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہے جیسے پاکستان سپر لیگ سے ڈومیسٹک سطح کے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی نکل کر سامنے آئے ہیں اس لیے ہمیں مستقبل میں بھی صوبائی سطح کی کرکٹ پر دھیان دینا چاہیے تاکہ وہاں سے نئے اور بہترین کھلاڑی نکل کر سامنے آسکیں۔