ساتویں محرم کا مرکزی جلوس ، سکیورٹی کے سخت انتظامات

اتوار 8 ستمبر 2019 12:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2019ء) ساتویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس صادق آباد میں سائیں صادق کی رہائش گاہ سے شروع ہوکر مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات گیے قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا. جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔صادق کی رہائش گاہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ روایتی راستوں ٹرانسفارمر چوک، صادق آباد چوک،گائے والا چوک، کری روڈ سے ہوتا ہوا مری روڈ پہنچا۔

کمیٹی چوک سے جلوس اپنے روایتی راستہ سے فوارہ چوک اور فوارہ چوک، جامع مسجد روڈ سے قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر جلوس اختتام پزیر ہو گیا، جلوس کے راستوں کو عام ٹریفک کیلئے خار دار تاریں، کنٹینر اور شامیانے لگا کر بند کیے گیا تھا، جلوس کے روٹ پر راولپنڈی پولیس کے دوہزار اہلکار تعینات تھے جن میں ضلع پولیس، ایلیٹ فورس اور معاونت کیلئے رینجرز کے دستے بھی ساتھ موجود رہے، آر پی او راولپنڈی احسان طفیل، سی پی او راولپنڈی کیپٹن ر فیصل رانا اور ڈی سی راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا جلوس کے تمام اوقات میں نگرانی کیلئے موجود رہے، میڈیا سے گفتگو کے دوران سی پی او راولپنڈی کیپٹن ر فیصل رانا کے مطابق ملکی حالات کے پیش نظر سیکورٹی خدشات موجود ہیں جس کے باعث سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی راولپنڈی محمد علی رندھاوا کے مطابق محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی کے لیے چار سو سے زائد کلوز سرکٹ کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ مانیٹرنگ روم بھی قائم کردیا گیا ہے، جلوس میں نیا محلہ کا مرکزی ماتمی جلوس اور امام بارگاہ حفاظت علی شاہ سے بھی جلوس شامل ہوئے۔