مودی نے پی کے مشرا کو اپنا پرنسپل سیکرٹری مقرر کر دیا

بدھ 11 ستمبر 2019 16:24

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پی کے مشرا کو اپنا پرنسپل سیکرٹری مقرر کر دیا۔ بدھ کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق سینئر سرکاری افسر پرمود کمار مشرا گزشتہ پانچ سال سے بھارتی وزیراعظم کے ایڈیشنل پرنسپل سیکرٹری کے عہدہ پر فائز تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی کے مشرا کا نریندر مودی کے ساتھ گزشتہ 20 برس سے تعلق رہا ہے اور اس سے قبل وہ 2001ء میں ریاست گجرات میں نریندر مودی کے ساتھ کام کر چکے ہیں جب مودی گجرات کے وزیراعلیٰ تھے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فروری 2002ء میں ریاست گجرات میں بی جے پی کے دور حکومت میں مسلم کش فسادات میں 2 ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا گیا تھا۔ اس وقت وزیراعلیٰ کی حیثیت سے مودی نے مسلم کش فسادات روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ استغاثہ نے بھی فسادات میں ان کے ملوث ہونے کی تصدیق کی تاہم بھارتی عدالتوں نے مودی کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر کلین چٹ دے دی۔