معمولی تلخ کلامی پر محلے دار کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والاسفاک ملزم گرفتار

ملزم عامر مقتول عرفان عرف تیلی کوبے دردی سے قتل کر کے فرار ہو گیا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا گیا

بدھ 11 ستمبر 2019 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) انویسٹی گیشن پولیس فیکٹری ایریا نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے محلے دار کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹرانعام وحید خان کی ہدایات کے تحت انویسٹی گیشن پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اوران کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں ۔

(جاری ہے)

انچارج انویسٹی گیشن فیکٹری ایریا شبیر اعوان نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوںکو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ4روز قبل 20سالہ اپنے محلے دار محمد عرفان عرف تیلی کو معمولی تلخ کلامی پر قتل کرنے والے ریکارڈ یافتہ سفاک ملزم عامر کو گرفتار کر کے آلہ قتل پسٹل برآمد کر لیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزم عامر موٹر سائیکل چوری سمیت مختلف مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن نے شہری کو قتل کر نے والے خطر ناک قاتل کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرنے پرپولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔